سوئی سدرن گیس کی معاونت سے گورنمنٹ سنڈیمن ہائی سکول، کوئٹہ میں کمپیوٹر لیبارٹری کا قیام.

سوئی سدرن گیس کمپنی نے اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت گورنمنٹ سنڈیمن ہائی سکول کوئٹہ کو اس کے کم مراعات یافتہ طلباء کے لیے کمپیوٹر لیبارٹری کے قیام میں مالی مدد فراہم کی. سوئی سدرن نے 20 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور LCDs کے علاوہ اسکول کی فزکس، کیمسٹری اور بیالوجی لیبارٹریز کے لیے درکار دیگر عملی آلات / پیریفرل آئٹمز کی خریداری کے لیے بھی مالی معاونت فراہم کی.
1882 میں قائم کیا گیا گورنمنٹ سنڈیمن ہائی سکول، کوئٹہ کے تاریخی اور مشہور اسکولوں میں سے ایک ہے اور صوبائی دارالحکومت کے سرکاری اسکولوں کے لۓ ایک مثالی درسگاہ ہے. پرنسپل، ڈاکٹر نصیر علی شاہ کی قیادت میں گزشتہ چند سالوں کے دوران، اسکول معیاری تعلیم کی پہچان بن چکا ہے.
کمپیوٹر لیبارٹری کا باقاعدہ افتتاح سوئی سدرن گیس کے کارپوریٹ کمیونیکیشنز اور سی ایس آر کے سربراہ سلمان احمد صدیقی نے اسکول انتظامیہ کے زیر اہتمام ایک سادہ مگر پر اثر تقریب کے دوران کیا۔ انکے ہمراہ سوئی سدرن کے چیف منیجر HSE امیر دوتانی اور کارپوریٹ کمیونیکیشنز کے ڈپٹی منیجرز صفدر حسین اور سید صدف عباس بھی موجود تھے. افتتاح کے فوراً بعد دعا کی گئی.
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، سلمان صدیقی نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں ادارے نے ان غیر منافع بخش تنظیموں اور سرکاری اداروں کی مالی معاونت کی ہے جو باقاعدہ روایتی تعلیم کے علاوہ پیشہ ورانہ تعلیم کے ذریعے تعلیم کے معیار پر توجہ دے رہے ہیں. انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نئ ٹیکنالوجیز کو استعمال کرتے ہوئے، ان کمپیوٹرز کے ذریعے بلوچستان کے کم مراعات یافتہ طلباء کافی حد تک مستفید ہونگے اور خود کو مستقبل کے کاروباری افراد کے طور پر ابھرنے کے قابل بنائیں گے. انہوں نے اسکول میں بہترین تعلیمی ماحول مہیا کرنے پر اساتذہ اور طلباء کے جذبے اور لگن کو سراہا.
اس موقع پر اسکول کے وائس پرنسپل جہانگیر اور انکی ٹیم جس میں سینئر سائنس ٹیچرز خیال محمد، احسن جمیل، اکبر غرشین اور لطف اللہ شامل تھے، سوئی سدرن کے وفد کو اسکول کا دورہ کرایا جہاں پر کمپیوٹر لیبارٹری میں طالبِ علم کمپیوٹر کی کلاس لینے میں مصروف تھے. وائس پرنسپل نے پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلباء کو کمپیوٹر تحفے میں دینے پر سوئی سدرن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے ان کم مراعات یافتہ لیکن انتہائی باصلاحیت لڑکوں کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں بہت مدد ملے گی.







