پاکستان

پاکستان کا واضح مؤقف ہے پانی ہماری ریڈ لائن ہے: وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کا واضح مؤقف ہے کہ پانی ہماری ریڈ لائن ہے، پاکستان کا پانی روکنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور ہو گا۔

مالدیپ کے صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کا بھارتی فیصلہ ناقابلِ قبول ہے، عالمی سطح پر تسلیم شدہ معاہدوں پر عملدرآمد تمام ملکوں کی ذمے داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ 11 سال بعد مالدیپ کے کسی صدر کا دورۂ پاکستان اہمیت کا حامل ہے، مالدیپ کے طالب علموں کی بڑی تعداد پاکستانی اداروں میں زیرِ تعلیم ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈاکٹر اور طبی عملہ مالدیپ میں خدمات انجام دے رہا ہے، 2 سال میں دوطرفہ تجارتی حجم کو 13 ملین سے بڑھا کر 200 ملین ڈالرز تک لے جانے پر اتفاق کیا ہے، تجارتی حجم میں اضافے کے لیے کوششیں تیز کریں گے، مالدیپ کو آئی ٹی کے شعبے میں تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر معیزو نے کہا کہ بھرپور استقبال اور مہمان نوازی پر پاکستانی حکومت کا مشکور ہوں، پاکستانی قیادت سے علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والی 20 مفاہمتی یادداشتیں اہم پیش رفت ہیں، پاکستان، مالدیپ بزنس فورم میں تجارتی و اقتصادی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

مالدیپ کے صدر کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے بھی نوازا گیا۔

جواب دیں

Back to top button