بین الاقوامی

امریکی حکام ایران کیخلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے امکان پر گفتگو کر رہے ہیں: سابق رکنِ کانگریس کا دعویٰ

امریکا کی سابق رکنِ کانگریس مارجوری ٹیلر گرین نے دعویٰ کیا ہے کہ واشنگٹن میں حکام حکمتِ عملی کے اجلاسوں کے دوران ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے امکان پر گفتگو کر رہے ہیں۔

مارجوری ٹیلر گرین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر جاری کیے گئے بیان میں امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے کسی بھی امکان کو واضح طور پر مسترد کرے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایسے ہتھیاروں کا استعمال بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور طویل مدتی انسانی المیے کا سبب بن سکتا ہے۔

امریکا کی سابق رکنِ کانگریس نے اگست 1945ء میں جاپان کے شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر ہونے والے جوہری حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں فوری طور پر تقریباً 1 لاکھ 10 ہزار افراد ہلاک ہوئے، جبکہ اسی سال کے اختتام تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 2 لاکھ 14 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔

 ان کا کہنا ہے کہ وہاں تابکاری سے پیدا ہونے والی بیماریوں، کینسر اور پیدائشی نقائص جیسے اثرات بھی طویل عرصے تک برقرار رہے۔

سابق امریکی قانون ساز نے ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کے جواز پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ امریکی انٹیلی جنس کے جائزوں کے مطابق تہران جوہری ہتھیار بنانے کے قریب بھی نہیں تھا۔

مارجوری ٹیلر گرین نے دعویٰ کیا کہ اس کے باوجود امریکا نے ایران پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں ایرانی رہنماؤں اور ایک اسکول میں موجود بچوں سمیت متعدد افراد کی ہلاکت ہوئی۔

انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ بارہا جنگ جیتنے اور آبنائے ہرمز پر امریکی کنٹرول کے دعوے کر رہے ہیں، جبکہ اس کے برعکس وہ مزید غیر ملکی جنگوں میں ملوث نہ ہونے کا وعدہ کر چکے ہیں۔

سابق رکنِ کانگریس نے خبردار کیا کہ جوہری ہتھیاروں کا استعمال ایک وسیع تر جنگ اور شدید معاشی بحران کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے عوام سے کسی بھی ایسے اقدام کی مخالفت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جوہری ہتھیار استعمال نہ کریں اور اس جنگ کو فوری طور پر روکیں۔

مارجوری ٹیلر گرین نے مزید کہا کہ امریکا ناقابلِ تسخیر نہیں اور جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا فیصلہ کرنے والے افراد کو انسانی تاریخ میں ہمیشہ اس فیصلے کے لیے جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button