بھارتی سافٹ ویئرز کے ذریعے اسرائیل کی جانب سے ایران میں جاسوسی کا انکشاف

یہود و ہنود گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا، بھارتی سافٹ ویئرز کے ذریعے اسرائیل کی جانب سے ایران میں جاسوسی کا انکشاف ہوا ہے، 20 سال سے بھارت کی ایران میں سافٹ ویئر اجارہ داری نے ایران کی قومی سلامتی کو اسرائیل کےحوالے کر دیا۔
پی ٹی وی نیوز کے مطابق بھارتی سافٹ ویئر کمپنیاں اسرائیل کو ایران کی بیک ڈور رسائی فراہم کرنے میں ملوث ہیں، آسٹریلوی صحافی اور ایکس پر لائیو شو کے میزبان ماریو نوفل کے مطابق’ایرانی حکام ان کمپنیوں کے کردار کا جائزہ لے رہے ہیں جو سائنسدانوں اور اہم تنصیبات کا ڈیٹافراہم کرنے میں ملوث رہی ہیں’۔
ماریو نوفل کے مطابق ایرانی حکام کے مطابق مشترکہ تفتیش نے ثابت کیا کہ بھارتی کوڈر حساس ڈیٹا چرا رہے ہیں، ذرائع کے مطابق بھارتی کوڈر فوجی نظام کو بھی سائبر طریقے سے کنٹرول کر رہے تھے۔
ماریو نوفل نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ بھارتی پروگرامرز کے اسرائیل سے خفیہ رابطے اور اسٹار لنک کے ذریعے حساس معلومات کی منتقلی کا بھی انکشاف ہوا ہے، اسرائیل کو شہری رجسٹری، پاسپورٹ اور ہوائی اڈوں کی خفیہ معلومات تک رسائی دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایران کے اہم ادارے اسرائیلی جاسوسی کے شکنجے میں آگئے، بھارتی سافٹ ویئر کے ذریعے فوجی نظام میں دخل اندازی کی گئی، اسرائیل کو نگرانی اور کنٹرول کی مکمل سہولت دی گئی، بھارتی سافٹ ویئرز کے ذریعے اسرائیل نے ایرانی جوہری سائنسدانوں کی حساس معلومات تک رسائی حاصل کی۔
ایرانی حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں، جلد ہی ایرانی حکومت باضابطہ موقف اور ممکنہ کارروائی کا اعلان کرے گی۔
آئی ٹی ماہرین کےمطابق ایران کو فوری طور پر اپنے ڈیجیٹل ڈھانچے کی ازسرِ نو جانچ اور مقامی سافٹ ویئر پر انحصار بڑھانے کی ضرورت ہے، بھارت صہیونی طاقت کا آلہ اور پراکسی بن کر پورے خطے کو ڈیجیٹل قبضے میں لے رہا ہے، دنیا کو بھارت کی ڈیجیٹل دہشت گردی سے خبردار رہنا ہوگا۔