بین الاقوامیسپیشل رپورٹ

تہران میں پراسرار شے کی پرواز، 50 سال پرانے یو ایف او مناظر کی یاد تازہ

ایران کے دارالحکومت تہران کی فضاؤں میں اتوار کے روز ایک نامعلوم شے کی پرواز کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں جس نے 50 سال قبل پیش آنے والے ایک مشہور فضائی واقعے کی یاد تازہ کر دی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ادارے اوپن سورس انٹیلیجنس مانیٹر کی جانب سے جاری کی گئی 2 ویڈیوز میں قوس و قزح کے رنگوں والی ایک پراسرار شے کو آسمان میں تیزی سے حرکت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ادارے کے مطابق ویڈیوز میں دکھائی دینے والی شے کے بارے میں فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ کیا چیز ہے۔

یہ واقعہ 19 ستمبر 1976ء کو تہران کے آسمان پر نظر آنے والی ایک روشن نامعلوم شے کے واقعے سے مشابہ قرار دیا جا رہا ہے، اس وقت ایرانی حکام نے آسمان پر روشن شے دیکھنے کی اطلاع دی تھی جس کے بعد ایرانی جنگی طیاروں نے مبینہ طور پر اس کا جائزہ لینے کے لیے پرواز کی تھی۔

1976ء کا واقعہ نامعلوم اڑنے والی اشیاء کے محققین میں آج بھی ایک نمایاں واقعہ سمجھا جاتا ہے، امریکی حکومت کی جاری کردہ خفیہ دستاویزات میں بھی اس واقعے سے متعلق امریکی فوجی حکام کی رپورٹس شامل ہیں۔

ایرانی حکام نے تاحال آسمان پر نظر آنے والی نامعلوم شے کے بارے میں کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ تہران میں ایک طرف حالیہ پراسرار شے کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جبکہ ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان حسین محبی کہہ چکے ہیں کہ ایران نئی صلاحیتوں کے حامل نئے ہتھیار میدان میں لائے گا کہ دنیا حیران رہ جائے گی۔

ترجمان پاسداران نے کہا ہے کہ ایران کے پاس ایسے نئے اہداف موجود ہیں جنہیں پہلے نشانہ نہیں بنایا گیا اور ایران طویل جنگ کے لیے تیار ہے۔

جواب دیں

Back to top button