جرم و سزا

ایک کروڑ نقد، 40 تولہ سونے کی چوری کا ڈراپ سین، گھر کی مالکن واردات کی ماسٹر مائنڈ نکلی

لاہور میں ایک کروڑ 6 لاکھ روپے نقد رقم اور 40 تولہ سونے کی چوری کا ڈراپ سین ہوگیا، گھر کی مالکن ہی واردات کی ماسٹر مائنڈ نکلی، تھانہ ویمن ریس کورس پولیس نے جدید ٹیکنالوجی سے ٹریس کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس حکام نے گھر میں ہونے والی ایک کروڑ 6 لاکھ روپے کی ڈکیتی اور 40 تولے سونا چوری کے مقدمے کو ڈرامائی انداز میں حل کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، گھر کی مالکن نے اپنے ڈرائیور کے ساتھ مل کر گھر میں چوری کا منصوبہ بنایا تھا۔

اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) ویمن پولیس اسٹیشن ریس کورس نے بتایا کہ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ گھر کے دیگر افراد کی غیر موجودگی میں ملزمہ نے ڈرائیور سے واردات کروائی، واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی گھر کی مالکن نے خود ڈرائیور کو فراہم کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمہ نے ڈرائیور سے واردات کروانے کے بعد خفیہ جگہ مل کر ڈرائیور سے سونا اور نقدی لے لی تھی، ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ پیسوں اور سونے کی لالچ میں چوری کی واردات کا ڈرامہ کیا تھا۔

ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کا کہنا ہے کہ ملزمان سے کچھ نقدی رقم ، سونا اور پستول برآمد کیا گیا ہے، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے، شہری قانون کی پاسداری کریں، اور لالچ میں آکر جرائم میں ملوث ہوکر خود کو خطرے میں نہ ڈالیں، کیوں کہ پولیس ہر وقت چوکس ہے، اور اپنا کام تندہی سے انجام دے رہی ہے۔

جواب دیں

Back to top button