ایران کے شہر بندر عباس میں زوردار دھماکہ

ایران کے شہر بندر عباس میں بندرگاہ پر دھماکے سے 280 افراد زخمی ہو گئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس کی شاہد راجئی بندرگاہ پر واقع ایک انتظامی عمارت میں زوردار دھماکا ہوا، جس سے 281 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، کئی افراد کے ملبے تلے دبے جانے کا خدشہ موجود ہے۔
دھماکا سینا کنٹینر یارڈ میں ہوا، جو پورٹس اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن سے وابستہ ہے۔
ہرموزگان کے کرائسز مینجمنٹ چیف مہرداد حسن زادہ نے کہا کہ یہ دھماکا بندرگاہ کے صحن میں ذخیرہ کیے گئے کئی کنٹینرز کے پھٹنے سے ہوا۔
نیشنل ایرانین آئل ریفائننگ اینڈ ڈسٹری بیوشن کمپنی (این آئی او آر ڈی سی) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دھماکے کا علاقے میں ریفائنریوں، ایندھن ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں یا تیل کی پائپ لائنوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بندر عباس کی تنصیبات میں آپریشن بلا تعطل جاری ہے، مزید کہا گیا کہ بندرگاہ کے حکام کی مدد کے لیے قریبی تیل کمپنیوں کی فائر فائٹنگ اور ہنگامی ٹیمیں تیار ہیں۔