بین الاقوامی

ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو باضابطہ طور پر امریکی ریاست بننے کی تجویز دیدی

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو امریکا میں ضم ہونے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا والے 51ویں امریکی ریاست بن کر خوش ہوں گے اور امریکا میں انضمام سے کینیڈا کو خسارے کا سامنا نہیں ہوگا۔

ترک خبر رساں ایجنسی ’انادولو‘ کے مطابق امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے عہدے سے مستعفی ہونے کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ایک بار پھر کینیڈا کے امریکا میں انضمام کی تجویز دے کر تنازع کھڑا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں بہت سے لوگ امریکا کی 51ویں ریاست بننا چاہتے ہیں جب کہ امریکا اب بڑے پیمانے پر تجارتی خسارے اور سبسڈیز کا سامنا نہیں کر سکتا جس کی کینیڈا کو ضرورت ہے، یہی بات جسٹن ٹروڈو کو معلوم تھی جس کی وجہ سے انہوں نے استعفیٰ دے دیا۔

یاد رہے کہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو پارٹی اراکین کی جانب سے مستعفیٰ ہونے کے مطالبے پر شدید دباؤ کا سامنا تھا، جس کی وجہ سے انہوں نے گزشتہ روز اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک آئندہ انتخاب میں ایک حقیقی انتخاب کا اہل ہے اور یہ واضح ہوگیا ہے کہ اگر میں اندرونی لڑائی لڑتا رہوں گا تو میں انتخابات میں بہترین آپشن نہیں ہوسکتا تاہم جب تک پارٹی میرے متبادل کا انتخاب نہیں کرتی اپنے عہدے پر کام کرتا رہوں گا۔

جواب دیں

Back to top button