راولپنڈی پولیس نے عمران خان کو تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمے میں گرفتار کر لیا

راولپنڈی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمے میں گرفتار کر لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان پولیس نے بتایا کہ عمران خان کو تھانہ نیوٹاؤن کے مقدمہ میں گرفتار کر لیا ہے، بانی پی ٹی آئی کو آج جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ترجمان پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مقدمہ جلاؤ گھیراؤ، پتھراؤ، پولیس سے مزاحمت پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ مقدمہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر واقعات پر بھی درج کیا گیا ہے۔
مزید کہنا تھا کہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم عمران خان سے تفتیش کر رہی ہے، انہیں کل جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 20 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی 10 لاکھ روپے کے مچلکے اور 2 ضامنوں کے عوض ضمانت منظور کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔
عدالت عالیہ نے توشہ خانہ کیس 2 میں عمران خان کی ضمانت کی منظوری کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا تھا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایک صفحہ پر مشتمل مختصر حکمنامے میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی 10 لاکھ روپے مالیت کے مچلکے اور دو ضامنوں کے عوض ضمانت منظورکی جاتی ہے۔