فلم فلاپ ہوسکتی ہے، عورت نہیں: میرا کا ناقدین کو دوٹوک جواب

پاکستانی سینئر اداکارہ میرا نے اپنی نئی فلم ’سائیکو‘ کی باکس آفس کارکردگی پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کامیابی اور ناکامی کے بجائے حوصلے، خود اعتمادی اور ثابت قدمی کو اہم قرار دیا ہے۔
میرا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی تصاویر کے ساتھ ناکامی، کامیابی اور مشکل وقت میں ساتھ دینے والے لوگوں سے متعلق مختلف پیغامات شیئر کیے۔
ایک پوسٹ میں اداکارہ نے لکھا ہے کہ لوگ مجھے اس لیے فلاپ کہتے ہیں کہ میری فلم ’سائیکو‘ نے 100 کروڑ کا بزنس نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں خود کو بہادر سمجھتی ہوں کیونکہ فلم کے بعد ان لوگوں کے رویے کا سامنا کرنے کے باوجود میں آگے بڑھتی رہی جو میرا ساتھ چھوڑ گئے۔
ایک اور پیغام میں میرا نے کہا ہے کہ فلم فلاپ ہوسکتی ہے، عورت نہیں۔
اپنی پوسٹس کے ذریعے اداکارہ نے شوبز انڈسٹری میں بڑی باکس آفس کمائی کو کامیابی کا حتمی معیار سمجھنے کے رجحان پر بھی سوال اٹھایا۔
میرا نے اپنی فلم کی تجارتی کارکردگی کو اپنی شناخت قرار دینے کے بجائے اپنی ذاتی جدوجہد اور مشکل حالات میں ثابت قدم رہنے کو اجاگر کیا۔
واضح رہے کہ اداکارہ طویل عرصے سے پاکستانی فلم انڈسٹری کا حصہ ہیں اور مختلف ادوار میں تنقید اور پیشہ ورانہ اتار چڑھاؤ کے باوجود شوبز میں اپنی موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔







