سیاسیات

غریب آدمی پس رہا ہے، مراعات یافتہ طبقہ سب کچھ فری لے جاتا ہے: حافظ نعیم الرحمٰن

امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ملک کی ایلیٹ کلاس ٹیکس نہیں دیتی، غریب آدمی پس رہا ہے اور مراعات یافتہ طبقہ سب کچھ فری لے جاتا ہے۔

جماعتِ اسلامی کے مرکز منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے اور مہنگائی ہر متوسط طبقے اور غریب آدمی کو سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ملک میں علاج اور تعلیم کی سہولت نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد سیاستدانوں نے سیاست کو بھی یرغمال بنا رکھا ہے، لوگ مزدوری کرنے کے لیے جان جوکھوں میں ڈال کر بیرونِ ملک جانے پر مجبور ہیں اور تعلیم یافتہ نوجوان نوکری نہ ملنے کے باعث ملک سے باہر جا رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آئی پی پیز کے مالکان کی آمدنی سے ٹیکس وصول ہی نہیں کیا جا رہا، ملک بھر میں کئی کئی گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے اور عام آدمی سے لیویز کی مد میں پیسے لبے جا رہے ہیں۔

انہوں نے  کہا کہ حکمرانوں نے اپنی کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے عوام کو کچھ نہیں دیا، وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے لیے 11 ارب روپے کا جہاز کیوں خریدا گیا؟ اور ہٹ دھرمی یہ ہے کہ وزراء کہتے ہیں جہاز لے لیا تو لے لیا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ کروڑں روپے کی سرکاری گاڑیاں خریدنے کے بجائے آپ ذاتی گاڑیاں خریدیں۔

امیرِ جماعتِ اسلامی نے یہ بھی کہا ہے کہ کل 16 اگست کو ملک بھر کے لوگ باہر نکلیں گے۔

جواب دیں

Back to top button