پاکستان

لیاری میں گرنے والی عمارت سے 13 لاشیں نکال لی گئیں، کئی افراد تاحال ملبے تلے موجود

کراچی کے علاقے لیاری میں گزشتہ روز گرنے والی عمارت سے لوگوں کو نکالنے کا آپریشن تاحال جاری ہے، اب تک 13 لاشیں نکالی جاچکی ہیں، تاحال کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

کراچی کے علاقے لیاری میں بغدادی کے ایک محلے میں خستہ حال عمارت گرنے کے ایک روز بعد بھی لوگوں کو نکالنے کے لیے تاحال آپریشن جاری ہے، ملبے سے اب تک 13 لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق افراد میں 3 خواتین اور ایک 7 سال کا بچہ بھی شامل ہے۔

جمعے کی صبح گرنے والی اس پر عمارت کے ملبے تلے اب بھی لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، ملبہ گرنے سے قریبی عمارت کی سیڑھیاں بھی دھنس گئیں، تاہم عمارت کے ملبے تلے پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

یاد رہے کہ جمعہ کے روز لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ خستہ حال رہائشی عمارت زمیں بوس ہوگئی تھی، رات تک حادثے میں 10 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے تھے، وزیربلدیات سعید غنی نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے ) کے متعلقہ افسران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کی تھی۔

سول ہسپتال کراچی کے اعداد و شمار کے مطابق 9 لاشیں ہسپتال لائی گئی تھیں، جب کہ ایک شخص دورانِ علاج دم توڑ گیا تھا، پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے بھی تصدیق کی تھی۔

جواب دیں

Back to top button