خوف کی علامت سمجھے جانے والے 4 بھائی پولیس مقابلے میں ہلاک

بھکر کے علاقے ڈلّیوالی میں جمعرات کی صبح ہونے والے ایک پولیس مقابلے میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے 4 بھائی (شاہ برادران) ہلاک ہو گئے، جن کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درجنوں مقدمات درج تھے، ملزمان پر ڈکیتی، قتل، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری جیسے سنگین الزامات تھے۔
فیصل آباد پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر سادہ لباس اہلکاروں پر مشتمل ایک ٹیم بھکر روانہ کی گئی تھی تاکہ ان مشتبہ افراد کا سراغ لگایا جا سکے.
ملزمان کے متعلق اطلاعات تھیں کہ انہوں نے ملک کے مختلف علاقوں سے اغوا کیے گئے افراد کو ایک خفیہ مقام پر رکھا ہوا ہے، مشتبہ افراد کی موجودگی کی تصدیق کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے ان کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔
پولیس اور مشتبہ افراد کے درمیان 2 گھنٹے سے زائد وقت تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جب گولیاں چلنے کا سلسلہ تھما، تو چاروں مشتبہ افراد مردہ حالت میں پائے گئے۔
ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت گلفام شاہ، عمر شاہ، حسنین شاہ اور بلال شاہ کے ناموں سے ہوئی، جو فیصل آباد کے علاقے چک جھمرہ کے رہائشی تھے، گزشتہ دس برسوں کے دوران یہ شاہ برادران متعدد پولیس مقابلوں سے بچ نکلنے میں کامیاب رہے، جن میں بعض مواقع پر پولیس اہلکار اور ان کے ساتھی بھی مارے گئے۔
گزشتہ سال وہاڑی میں ایک پولیس مقابلے کے دوران فیصل آباد کے ایک ڈی ایس پی شدید زخمی ہو گئے تھے تاہم مشتبہ افراد بچ نکلنے میں کامیاب رہے تھے، اس کے بعد گلفام شاہ نے فیصل آباد میں متعدد بار پولیس کو چیلنج کرتے ہوئے دوبارہ نمودار ہونے کی جرات کی، لیکن ہر بار گرفتاری سے بچ نکلا۔
سال 2024 میں اس گروہ نے مبینہ طور پر جڑانوالہ میں 2 کم عمر بہنوں کو صرف اس شک پر قتل کر دیا کہ وہ پولیس مخبر ہو سکتی تھیں، شاہ گینگ فیصل آباد میں خوف کی علامت بن چکا تھا، اطلاعات کے مطابق یہ گروہ صنعت کاروں سے بھتہ وصول کرتا تھا اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان سے ٹیلی فون کالز کے ذریعے تاوان کی دھمکیاں دیتا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق شاہ برادران کے خاتمے سے علاقے میں جرائم کے گڑھ کو بڑی ضرب لگی ہے اور شہریوں میں اطمینان کی فضا قائم ہوئی ہے۔