سدھو نے کپل شرما شو چھوڑنے کی اصل وجہ 5 سال بعد بتادی
بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر و سابق کرکٹر نووجوت سنگھ سدھو نے کپل شرما شو چھوڑنے کی اصل وجہ بتادی۔
ڈیجیٹل اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر نشر ہونے والے ‘دی گریٹ انڈین کپل شو’ کا شمار بھارت کے مقبول ترین کامیڈی شوز میں ہوتا ہے۔
نیٹ فلکس سے قبل شو کے میزبان کپل شرما ‘دی گریٹ انڈین کپل شو’ سے ملتے جلتے مختلف ناموں سے شو کرتے رہے ہیں۔
سدھو 2019 تک اس شو کا اہم حصہ رہے ہیں جس میں وہ اپنے قہقہوں کے ساتھ برجستہ جملوں اور شاعری سے شو میں چار چاند لگاتے رہے
تاہم پلوامہ حملے سے متعلق سدھو کے ایک بیان نے بھارت میں ہنگامہ کھڑا کردیا تھا اور انتہاپسندہندوؤں نے ان کے خلاف مظاہرے شروع کردیے تھے جس کے بعد سدھو کو کامیڈی شو سے نکالنے کا بھی مطالبہ کیا گیا، بصورت دیگر شو کے بائیکاٹ کی دھمکی دی گئی جب کہ ان کے خلاف ممبئی کی فلم سٹی میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
ہندو انتہا پسندوں کے احتجاج پرکامیڈی شو کی انتظامیہ نےگھٹنے ٹیکتے ہوئے سدھو کو شو سے علیحدہ کردیا تھا۔
سدھو کے بعد ان کی کرسی اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے سنبھالی اور اب تک وہ ہی کپل کے ساتھ شو میں شریک ہیں تاہم اب رواں ہفتے کی قسط میں سدھو بطور مہمان شرکت کریں گے جس میں ان کی اہلیہ بھی ساتھ ہوں گی۔
سدھو نے شو کو خیرباد کہنے کی کیا وجہ بتائی؟
نووجوت سنگھ سدھو نے دوران شو کہا میں نے شو اسی لیے چھوڑا تھا کہ کچھ سیاسی وجوہات تھیں جس کے حوالے سے میں زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا، اسی لیے میں نے شو چھوڑ دیا تھا
سدھو کا کہنا تھاکہ سیاسی وجوہات کے علاوہ کچھ اور بھی وجہ تھی کہ میں نے پروگرام چھوڑ دیا تھا، کپل ایک ذہین اور کامیاب انسان ہے، میں چاہتا ہوں کہ جیسے ماضی میں ہم ساتھ تھے ویسے ہی دوبارہ سب ساتھ ہوں۔