بین الاقوامی

ٹرمپ کے مشیر ایلون مسک کی اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب سے ملاقات

ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی آنے کے بعد برف پگھلنے لگی، نومنتخب امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ کے مشیر ایلون مسک نے اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایراوانی سے ملاقات کی ہے۔

امریکی میڈیا نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں ممالک کی شخصیات کے درمیان کشیدگی ختم کرنے سے متعلق گفتگو ہوئی۔

ایلون مسک اور امیر سعید ایراوانی کے درمیان ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی جو کہ نیویارک میں ایک خفیہ مقام پر ہوئی، جس کی اطلاع بائیڈن انتظامیہ کو بھی نہیں تھی۔
ملاقات کی درخواست ایلون مسک نے کی اور جگہ کا انتخاب اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے کیا
ایرانی اہلکار کا کہنا تھا کہ سفیر امیر سعید ایراوانی نے ایلون مسک پر زور دیا کہ وہ امریکی وزارت خزانہ سے کہیں کہ وہ ایران پر عائد پابندیاں اٹھائے اور دعوت دی کہ وہ اپنے کاروبار کو تہران لائیں۔

امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے مستقل مندوب کی ایلون مسک سے ملاقات کی تردید کردی تاہم ایلون مسک کی ٹیم کی جانب سے تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کےدوران کہا تھا کہ وہ جنگیں ختم کرنا چاہتے ہیں تاہم ٹرمپ کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر اسٹیون شیئنگ نے کہا کہ وہ ایسی نجی میٹنگز پر تبصرہ نہیں کریں گے جو ہوئی ہوں یا نہ ہوئی ہوں۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے دور صدارت کے ایران پر مزید پابندیاں عائد کی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button