پاکستان

پنجاب: لاہور سمیت مختلف شہروں میں کہیں موسلادھار، کہیں ہلکی بارش، کہیں ژالہ باری

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں موسلادھار اور کہیں ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا۔

لاہور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، شکر گڑھ، ناروال اور ملحقہ علاقوں میں بادل کھل کر برسے، لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ اولے بھی گرے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق لاہور میں اب تک اوسطاً 21.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 44 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جوہر ٹاؤن ایس ڈی او آفس کے علاقے میں 37.5 ملی میٹر، لکشمی چوک پر 30 اور مغل پورہ کے اطراف 29 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اپر مال پر 28.5، تاج پورہ اور چوک ناخدا میں 24.5 ملی میٹر بارش رپورٹ ہوئی، سمن آباد میں 22.5، پانی والا تالاب میں 22 اور گلبرگ میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سگیاں میں 18.5، اقبال ٹاؤن میں17.5، گلشنِ راوی میں 17 ملی میٹر، ہڈیارہ ڈیفنس روڈ پر 15، جیل روڈ پر 4 اور ایئر پورٹ کے علاقے میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

لاہور میں بارش کے تیز اسپیل کے بعد بارش تھم گئی، نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا، بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا، 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بارش تھمنے کے بعد 40 فیصد فیڈرز بحال کر دیے گئے ہیں۔

ادھر نارووال، قصور اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے بعد بجلی معطل ہو گئی۔

گجرات اور گرد و نواح میں تیز بارش کے بعد موسم خوش گوار ہو گیا۔

بھمبر آزاد کشمیر اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، نکیال آزاد کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی کے بعد موسم خوش گوار ہو گیا۔

جواب دیں

Back to top button