بلنکن کا دورہ اسرائیل بے سود ، نیتن یاہو نے عارضی جنگ بندی کا امکان رد کردیا

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے انٹونی بلنکن سے ملاقات کے موقع پر حماس کی جانب سے 241 شہریوں کی رہائی تک عارضی جنگ بندی کا امکان رد کر دیا۔
بلنکن کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات میں پر غزہ میں جاری کارروائیوں کے دوران معصوم شہریوں کے تحفظ پر زور دیا گیا۔
امریکی وزیر خارجہ آج سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اردن، مصر، اور قطر کے وزرائے خارجہ سے عمان میں ملاقات کریں گے۔
گزشتہ روز متحدہ عرب امارات نے خبردار کردیا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے تنازعے کے خطے میں پھیلنے کا حقیقی خطرہ موجود ہے۔
ابو ظبی میں پالیسی کانفرنس کے دوران بات چیت کرتے ہوئےاماراتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم اس جنگ کے خاتمے کیلئے لگاتار کام کر رہے ہیں، لیکن اس تنازعے کے وسیع پسمنظر کو نظر انداز نہیں کرسکتے جو خطے میں کشیدگی کے اضافے کو نقطہ ابال تک لے جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں اس تنازعے کے پھیلاؤ کا خطرہ حقیقی ہے اور اس سے شدت پسند عناصر فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے نظریات کو بڑھا کر ہمیں تشدد کے دائروں میں دھکیل سکتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں معصوم شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہیے اور فوری طور پر جنگ بندی کی جائے کیونکہ غزہ میں اسرائیلی بمباری میں سویلینز کی شہادتوں پر عرب دنیا میں غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔