لاہور کے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق، مالک مکان سمیت 2 افراد زیر حراست

لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں 14 بچے جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ منگل کی شام تقریباً 4 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا، اس وقت ٹیوشن سینٹر میں 30 سے زائد بچے موجود تھے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائی کے دوران 20 سے زائد افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا، جبکہ آپریشن تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق ملبے سے نکالے گئے ایک تہائی سے زائد بچوں کی نبض موجود نہیں تھی، جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق متعلقہ کمرے کی چھت ٹی آر گارڈر کے ذریعے تعمیر کی گئی تھی، جو اچانک منہدم ہوگئی۔
ٹی ایچ کیو کاہنہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے 14 بچوں کی اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے بعد مجموعی طور پر 19 بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں زیر علاج بچوں کی حالت اب بہتر بتائی جا رہی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں اور ایک خاتون سمیت متعدد افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واقعے کے بعد پولیس، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ طور پر امدادی کارروائیاں کیں۔ پولیس نے مالک مکان سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے جائے حادثہ اور بعد ازاں اسپتال کا دورہ کیا، زخمی بچوں کی عیادت کی اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ واقعے کے ذمہ دار افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا اقبال نے سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے لیے دعائے مغفرت، لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا بھی حکم دیا ہے۔







