سیف علی خان کا کرینہ کپور کی سونے سے پہلے کی انوکھی عادت کا انکشاف

بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے کامیڈی شو میں شرکت کے دوران اپنی اہلیہ اور اداکارہ کرینہ کپور خان کی رات کو سونے سے پہلے کی ایک دلچسپ عادت کا انکشاف کیا ہے، جس پر شو میں موجود افراد ہنس پڑے۔
’دی کپل شرما شو‘ کی حالیہ قسط میں میزبان کپل شرما نے جوڑے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 14 سالہ ازدواجی زندگی کے باوجود دونوں تر و تازہ دکھائی دیتے ہیں، اس پر سیف علی خان نے اپنے خاندان میں دیسی گھی کے استعمال اور کرینہ کی سونے سے پہلے کی عادت کے بارے میں بتایا۔
اداکار نے انکشاف کیا ہے کہ میرے خاندان میں دیسی گھی روز مرہ معمولات کا حصہ ہے اور اس کا استعمال صرف کھانا پکانے تک محدود نہیں، کرینہ کپور خان رات کو سونے سے پہلے اپنے پیروں پر دیسی گھی لگاتی ہیں۔
کرینہ نے بھی گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس معمول پر عمل کرنے کے بعد مجھے اچھی نیند آتی ہے۔
سیف علی خان نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ رات کے وقت ہمارے کمرے سے سڑک کنارے موجود ڈھابے جیسی خوشبو آتی ہے، جس پر شو میں قہقہے گونج اٹھے۔
دیسی گھی سے متعلق سیف علی خان کا جوش بھی جلد ہی سوشل میڈیا پر میمز کا موضوع بن گیا۔
اس سے قبل کرینہ کپور نے اپنی 14 ویں شادی کی سالگرہ پر سیف علی خان کے لیے محبت بھرا پیغام جاری کیا تھا۔
انہوں نے انسٹاگرام پر تصاویر کا ایک مجموعہ شیئر کیا، جس میں دونوں کی ابتدائی ملاقاتوں اور ساتھ گزارے گئے وقت سے لے کر خاندانی تعطیلات اور اپنے دونوں بیٹوں کے ساتھ یادگار لمحات کی جھلکیاں شامل تھیں۔
کرینہ نے تصاویر کے ساتھ لکھا تھا کہ زندگی کے سفر کا ایک اور سال اور ابھی ایک پوری زندگی باقی ہے۔
کرینہ کپور کی تازہ ترین فلم میگھنا گلزار کی ہدایت کاری میں بننے والی ’دائرہ‘ ہے، جس میں انہوں نے پہلی مرتبہ ملیالم سنیما کے معروف اداکار پرتھوی راج سکومارن کے ساتھ کام کیا ہے۔
جرائم اور انصاف کی پیچیدہ دنیا کے پسِ منظر میں بننے والی اس فلم میں پرتھوی راج ایک پولیس انسپکٹر جبکہ کرینہ ایک مضبوط اور پراسرار کردار میں نظر آتی ہیں۔






