پاکستان

پشاور: اسکول کی چھت گرنے سے 29 بچے اور 1 خاتون ٹیچر جاں بحق

پشاور میں اسکول کی چھت گرنے سے 29 بچوں سمیت 30 افراد جاں بحق ہو گئے۔

سی سی پی او میاں سعید کا کہنا ہے کہ نجی اسکول کے مالک کو گرفتار کر لیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق اسکول کی چھت گرنے کا واقعہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں پیش آیا ہے، صبح 8 بج کر 48 منٹ پر اسکول کی چھت گرنے کی اطلاع ملی تھی۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ کے مطابق واقعے میں 29 بچے اور 1 خاتون ٹیچر جاں بحق ہوئی ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 25 زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

سی سی پی او پشاور میاں سعید کے مطابق واقعے میں زخمیوں کی تعداد 40 سے زیادہ ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق چھت کے ملبے تلے دبے مزید بچوں اور اسکول کے عملے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر نے واقعے سے متعلق انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی چھت گرنے کی وجوہات کا پتہ لگائے گی۔

سیکریٹری تعلیم عنایت اللّٰہ وسیم نے اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی پی ایس آر اے سے کل تک رپورٹ طلب کر لی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پشاور میں اسکول کی چھت گرنے سے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیرکرنے اور زخمیوں کے لیے ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے اسکول کی  چھت گرنے کے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

فیصل کریم کنڈی نے حکام کو زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

ادھر مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ پشاور کی دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جس پر دلی دکھ اور افسوس ہے۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی بچوں کو بہترین اور بر وقت طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

جواب دیں

Back to top button