نانا پاٹیکر نے راکھی ساونت کو میرے خلاف بیانات دینے کیلئے ڈھائی لاکھ روپے دیے تھے

بھارتی اداکارہ تنوشری دتہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار نانا پاٹیکر نے 2018ء کی ’می ٹو‘ تحریک کے دوران راکھی ساونت کو میرے خلاف بیانات دینے کے لیے ڈھائی لاکھ روپے ادا کیے تھے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق تنوشری دتہ نے انسٹاگرام پر جاری ایک نئی ویڈیو میں الزام عائد کیا ہے کہ راکھی ساونت نے میرے خلاف پریس کانفرنس کرنے سے 2 روز قبل ممبئی میں نانا پاٹیکر کی رہائش گاہ سے 2 سے ڈھائی لاکھ روپے نقد وصول کیے تھے۔
اداکارہ کے مطابق مجھے اس معاملے کی اطلاع راکھی ساونت کے قریبی دوست راج شری مورے نے دی تھی۔
تنوشری دتہ کا کہنا ہے کہ میں اس وقت شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی اور نانا پاٹیکر کے قریبی افراد مجھے مسلسل پریشان کر رہے تھے، ایسے میں راکھی ساونت نے بھی نامناسب ویڈیوز اور الزامات کے ذریعے مجھے نشانہ بنایا۔
تنوشری دتہ نے دعویٰ کیا کہ نانا پاٹیکر اپنے بعض کام دوسروں کے ذریعے کرواتے تھے اور جب رقم دی گئی تو راج شری مورے گاڑی میں موجود تھیں۔
خیال رہے کہ نانا پاٹیکر کی موت کی خبر پر تنوشری نے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام پر لکھا تھا کہ شیطان مر گیا اور امید ہے کہ میری زندگی اب بہتر راستے پر گامزن ہو گی۔







