غزہ میں رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملہ، پانچ فلسطینی شہید

غزہ میں محکمہ صحت کے حکام اور امدادی کارکنوں نے بتایا ہے کہ ہفتے کی صبح شہر میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم پانچ فلسطینی شہید ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نے تاحال اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
گذشتہ سال امریکہ کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا، تاہم مذاکرات کار ابھی تک حماس کو غیر مسلح کرنے اور اسرائیلی فوج کے انخلا کی شرائط پر کسی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے ہیں۔
اسرائیل نے حالیہ ہفتوں میں غزہ پر اپنے حملے تیز کر دیے ہیں اور اس کا کہنا ہے کہ حماس دوبارہ ہتھیار جمع کر رہی ہے اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حملے کر رہی ہے۔
تاہم حماس کا کہنا ہے کہ وہ نہ تو حملوں کی کوشش کر رہی ہے اور نہ ہی اپنے ہتھیاروں کے ذخیرے کو دوبارہ بڑھا رہی ہے۔ حماس نے اسرائیل پر غزہ میں امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق گذشتہ اکتوبر جنگ بندی شروع ہونے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 1,400 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ اسی عرصے کے دوران غزہ میں مسلح افراد کے ہاتھوں اس کے چار فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔







