فیلڈ مارشل عاصم منیر کل تہران کا دورہ کریں گے: ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کل تہران کا دورہ کریں گے۔
ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسماعیل بقائی نے کہا کہ فیلڈ مارشل کا دورہ خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کا تسلسل ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کا مقصد ایران پاکستان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور ایران کے وزیر خارجہ کے درمیان کل ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور عباس عراقچی نے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔






