ظہران ممدانی کی ربیوں سے بند کمرہ ملاقات، اسرائیل سے متعلق بیان بازی پر تنقید

یہودی مذہبی رہنماؤں نے نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی کو اسرائیل مخالف بیان بازی سے باز رہنے کا کہہ دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں سٹی ہال میں 10 ربیوں نے ظہران ممدانی سے ایک گھنٹے پر مشتمل بند کمرہ ملاقات کی۔
ملاقات میں انہوں نے نیویارک سٹی کے میئر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے زور دیا کہ اسرائیل کے حوالے سے بیان بازی میں محتاط رویہ اختیار کریں۔
اس ملاقات میں اصلاح پسند، قدامت پسند، ری کنسٹرکشنسٹ اور آرتھوڈوکس یہودی برادریوں کی نمائندگی کرنے والے رہنما شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران مذہبی رہنماؤں نے میئر پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے حوالے سے اپنے عوامی بیانات پر نظرِ ثانی کریں۔
شرکا کے مطابق اسرائیل پر ان کی سخت تنقید نے نیویارک کے یہودی باشندوں میں عدم تحفظ کے احساسات کو مزید بڑھایا ہے۔
یہ گول میز اجلاس میئر کے دفتر برائے انسدادِ یہود دشمنی کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا، جس کا مقصد یہودی برادری کے تحفظ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال اور رابطے کے نئے راستے قائم کرنا تھا۔







