وزیراعظم شہباز شریف ایران پہنچ گئے، آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف ایران پہنچ گئے، آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کریں گے
تہران: وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے اور آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد بھی ایران پہنچا ہے، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سینیٹر نیر حسین بخاری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ شامل ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کریں گے۔ اس موقع پر وہ برادر ایرانی قوم کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی، ہمدردی اور تعاون کے عزم کا اعادہ بھی کریں گے۔
وزیراعظم کے دورے کو دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
سرکاری پروگرام کے مطابق ایران میں مصروفیات مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف تہران سے ترکیہ کے شہر استنبول روانہ ہوں گے، جہاں وہ اپنے آئندہ سفارتی دورے کی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔







