ایران کے خرج جزیرے میں فوجی اہداف پر بھرپور حملے کیے ہیں، ٹرمپ

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے احکامات پر سینٹرل کمانڈ نے ایران پر مشرق وسطیٰ کی تاریخ میں تباہ کن ترین بمباریوں میں سے ایک انجام دی ہے۔ ایران کے خرج جزیرے پر واقع تمام فوجی اہداف پر حملے کرکے انہیں تباہ کردیا ہے۔
ایک بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ جزیرے پر واقع تیل کی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایران نے اگر آبنائے ہرمز سے جہازوں کے آزادانہ اور محفوظ انداز سے گزرنے میں مداخلت کی کوشش کی تو وہ ایران کی تیل تنصیبات پر بھی حملے سے گریز نہیں کریں گے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اپنی پہلی مدت کے دوران، اور اب دوبارہ میں نے اپنی فوج کو دنیا بھر میں انتہائی طاقتور اور موثر قوت کے طور پر بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس کسی بھی چیز کا دفاع کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، جس پر ہم حملہ کرنا چاہتے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار نہ رکھ سکے گا اور نہ وہ امریکا، مشرق وسطیٰ یا دنیا کو دھمکی دے سکے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایرانی فوج اور اس حکومت میں شامل لوگوں کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ ہتھیار ڈال دیں اور اپنے ملک کو بچالیں۔
علاوہ ازیں ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکی نیوی کے ذریعے جلد بحری جہازوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں امریکا اور اسرائیل کے مقاصد مختلف ہوسکتے ہیں۔







