
لاہور (فیصل اکبر سے) وزارت مذہبی امور پاکستان نے پرائیویٹ حج آپریٹرز کی سکروٹنی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پرائیویٹ حج آپریٹرز کی تعداد 904سے کم کرکے 100سے نیچے لائی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور نے یہ فیصلہ سعودی وزارت حج کے احکامات کی روشنی میں کیا ہے، جس میں وزارت مذہبی امور پاکستان سے کہاگیا ہے کہ عازمین حج کا ایک گروپ کم ازکم دو ہزار افراد پر مشتمل ہونا چاہیے۔
قبل ازیں تمام حج آپریٹرز کو کوٹے کے مطابق حجاج کرام لیکر جانے کی اجازت تھی۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور پاکستان نے سعودی وزارت حج کے احکامات کی روشنی میں پرائیویٹ حج آپریٹرز کی سکروٹنی پر کام شروع کردیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ بڑے حج آپریٹرز ہی سکروٹنی سے محفوظ رہیں گے جبکہ چھوٹے حج آپریٹرز سکروٹنی کے رگڑے میں آجائیں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت مذہبی امور پاکستان چھوٹے حج آپریٹرز کا گروپ بنانے پر بھی غور کررہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ حج آپریٹرز مل کر دو ہزار عازمین حج کا گروپ جمع کرسکیں۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز ایسوسی ایشن کی طرف سے اِس معاملے پر زبردست تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے تاہم وزارت مذہبی امور پاکستان کی طرف سے انہیں متبادل حل تلاش کرنے کی یقین دہانی کرائی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ اِس سے قبل ہر حج آپریٹر اپنے کوٹے کے مطابق عازمین حج کو لیکر جاسکتا تھا اور اِن عازمین حج کے قیام و طعام خود کرتا تھا لیکن اب ہر گروپ کم ازکم دو ہزار عازمین حج پر مشتمل ہوگا۔