پشاور ہائیکورٹ: وزیراعلیٰ اور اسپیکر نے ارکان کی گورنر ہاؤس میں حلف برداری کو چیلنج کردیا

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور اسپیکر صوبائی اسمبلی نے مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی گورنر ہاؤس میں حلف برداری کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔
درخواست میں وفاق، رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ، گورنر، الیکشن کمیشن اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اسپیکر صوبائی اسمبلی نے منتخب اراکین سے حلف لینے سے انکار نہیں کیا، اسمبلی اجلاس شروع ہوا تو کورم کی نشاندہی پر اسپیکر نے اجلاس 24 جولائی تک ملتوی کیا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ گورنر ہاؤس میں اراکین سے حلف ماورائے آئین ہے، چیف جسٹس کے پاس آئین کے تحت جوڈیشل اختیارات ہیں انتظامی نہیں، ہمیں سنے بغیر چیف جسٹس نے گورنر کو حلف کے لیے نامزد کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنر ہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھایا تھا، گورنر فیصل کریم کنڈی نے اراکین سے حلف لیا۔
مخصوص نشستوں میں 21 خواتین اور چار اقلیتیں نشستیں شامل ہیں، جمعیت علمائے اسلام اور مسلم لیگ (ن) کے 7، 7 اراکین نے حلف لیا، پیپلز پارٹی کے 4، اے این پی کے 2 اور پی ٹی آئی (پی) کے ایک رکن نے حلف اٹھایا تھا۔