کیپٹن کرنل شیر خان شہیدکی 26 ویں برسی

کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر کی آج 26 ویں برسی منائی جارہی ہے۔
کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی 26 ویں برسی کے موقع پر فیلڈ مارشل، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، ائیرچیف، نیول چیف اور افواجِ پاکستان کی جانب سے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اس کے علاوہ میجرجنرل انجم ریاض نے شہید کے مزار پر حاضری دی اور قبر پر پھول بھی رکھے۔
اس موقع پر آئی ایس پی آر نے کہا کہ کرنل شیرخان شہید نے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان قربان کی، وہ افواجِ پاکستان، پوری قوم کے لیے ہمیشہ ایک عظیم مثال اور تحریک کا ذریعہ رہیں گے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان کی قربانی آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، ہم اپنے اس عظیم ہیرو کو سلام پیش کرتے ہیں اور مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔