فوری وغیر مشروط جنگ بندی، ایران کے حق دفاع کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، پاکستان

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار احمد نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور ایران کے حق دفاع کی بھرپور حمایت کرتےہیں۔
اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ایران کی درخواست پر طلب کیا گیا، پاکستان، چین اور روس نے سلامتی کونسل اجلاس کی حمایت کی، امریکی حملوں کے بعد ایران نے سلامتی کونسل اجلاس کی درخواست کی تھی۔
پاکستانی مندوب عاصم افتخار احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، اسرائیل نے ایران کے خلاف کھلی جارحیت کی، ایران پر حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
پاکستانی مندوب نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور ایران کے حق دفاع کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے یو این قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، ارکان پر فرض ہے کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کریں اور کونسل کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت نے مشرق وسطیٰ کی سلامتی کو تباہ کردیا، اسرائیل فلسطین کی سرزمین پر غیر قانونی قابض ہے، اسرائیلی قبضے کے بھیانک نتائج ہوسکتے ہیں جب کہ ایران کشیدگی کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کو روکا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ اجلاس میں کونسل ارکان نے کشیدگی سے خبردار کیا تھا لیکن امن کی اپیلوں کو نظر انداز کیا گیا، ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکا کےحملوں کی پاکستان مذمت کرتاہے۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ تمام فریقین کو فوری سیزفائر کی جانب بڑھنا چاہیے، تنازع میں مذاکرات اور سفارتکاری کو موقع دیا جائے جب کہ حملوں میں آئی اے ای اے کی حفاظتی تدابیر کو نظرانداز کیا گیا۔