کراچی میں پولیس اور رینجرز کا ایکشن، 6 مقامات پر دھرنے ختم کرا دیے

کراچی میں پارہ چنار کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے 6 روز سے جاری دھرنے ختم کرانے کے لیے پولیس حرکت میں آگئی، پولیس نے کچھ دیر میں کارروائی کرتے ہوئے 10 میں سے 6 مقامات پر دھرنے ختم کرادیے۔
کراچی پولیس شہر میں 6 روز سے جاری دھرنے ختم کرانے کے لیے متحرک ہوگئی، پولیس نے دن کے آغاز میں ہی کارروائی کرتے ہوئے 10 میں سے 6 مقامات پر دھرنے ختم کرا دیے۔
پولیس کی جانب دھرنا ختم کرانے کی کارروائی کے دوران عباس ٹاؤن میدان جنگ بن گیا، پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی جبکہ پولیس اور مظاہرین نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا جبکہ پولیس نے دھرنے کا ٹینٹ اکھاڑ دیا تاہم سڑک مکمل طور پر بحال نہیں کرائی جاسکی، بعدازاں مظاہرین دوبارہ دھرنے پر بیٹھ گئے۔
دریں اثنا، کامران چورنگی گلستان جوہر میں بھی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری دھرنا ختم کرانے پہنچ گئی اور دھرنا ختم کراکے ٹریفک کی روانی بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ نمائش چورنگی اور ملیر میں بھی دھرنے جاری ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے سرجانی ٹاؤن کے ڈی اے فلیٹ، فائیو اسٹار چورنگی، گلستان جوہر، نواب صدیق علی خان روڈ چورنگی ناظم آباد نمبر 1 اور 2، شاہراہ پاکستان کو عائشہ منزل اور انچولی کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کُرم میں مرکزی شاہراہ کی بندش سے متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں مختلف مقامات پر 6 روز سے دھرنے جاری تھے جس کے باعث شہر میں ٹریفک کی آمد و رفت شدید متاثر تھی اور شہریوں کو ایئرپورٹ جانے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا تھا۔