پنجاب کے گریجویٹ انگلش ٹیچرز کی حق تلفی

عبدالرزاق باجوہ
تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ جدید تعلیم وتربیت اور علوم وفنون کا حصول ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ تعلیم وتربیت کے یہ مراحل کسی اُستاد کے بغیر بالکل ناممکن ہیں۔ اُستاد بھی یہ فریضہ پوری لگن سے اسی وقت سرانجام دے سکتا ہے، جب وہ ہر قسم کی مالی اور محکمانہ دشواریوں سے آزاد ہو۔ ہمارے معاشرے میں استاد کو جو مقام ملنا چاہیے تھا وہ تو ملا نہیں بلکہ اس کے برعکس استاد کو اس کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔ ایسی ہی صورتحال سے پنجاب کے گریجویٹ انگلش ٹیچرز دوچارہیں۔ انگریزی اساتذہ ایسوسی ایشن پنجاب کے صوبائی صدر محمود الحسن چودھری کے حکام بالا کے نام خط کے مطابق؛
حکومت پنجاب نے انگریزی تعلیم کے فروغ کے لیے صوبہ بھر کے زنانہ مردانہ پرائمری سکولز میں 1995 میں بنیادی تعلیم گریجویشن بمع سی ٹی یا بی ایڈ بنیادی سکیل 14میں ہزاروں مردوخواتین انگلش ٹیچرز کو بھرتی کیا۔ اس وقت ہائی سکول سطح کے ایس ایس ٹی ٹیچرز کی بنیادی تعلیم بی اے، بی ایڈ اور بی ایس سی تھی اور بنیادی سکیل 16 تھا۔ بنیادی سکیل 9 میں پانچ کیٹیگری کے ایلیمنٹری سطح کے ٹیچرز کو بھرتی کیا گیا۔ ایس وی، ڈی ایم، او ٹی، پی ای ٹی اور ٹیکنیکل ٹیچرز کو بنیادی تعلیم میٹرک، ڈپلومہ،عربی ٹیچرز کوایف اے بمع عربی مضمون اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے پاس کردہ اے ٹی ٹی سی کی سند، جب کہ ای ایس ٹی ٹیچرز کو بنیادی تعلیم ایف اے، سی ٹی ایف، ایس سی کے ساتھ سکیل 9 میں بھرتی کیا گیا۔ پرائمری سطح کے پی ایس ٹی ٹیچرز کو بنیادی تعلیم میٹرک پی ٹی سی کے ساتھ سکیل7 میں بھرتی کیا گیا۔
محکمہ تعلیم پنجاب نے2002 مختلف اضلاع میں بطور ایس ایس ٹی سکیل16میں پروموشن کے لیے درخواستیں طلب کیں۔توپی ایس ٹی سکیل7اورای ایس ٹی سکیل9 کے اساتذہ جوبی اے، بی ایڈتعلیم کے حامل تھے اور انگلش ٹیچرز جن کی بنیادی تعلیم پہلے ہی بی اے، بی ایڈ تھی، انہوں نے بھی پروموشن کے لیے درخواستیں محکمہ تعلیم کے متعلقہ حکام کو جمع کروادیں۔ محکمہ تعلیم نے بلا جواز تمام انگلش ٹیچرز کی درخواستیں مسترد کردیں کہ یہ کنٹریکٹ پر ہیں لہٰذا یہ پروموشن کے اہل نہیں۔ واضح رہے کہ انگلش ٹیچرز کو1995 میں مستقل بنیادپربھرتی کیا گیاتھا اور تقرری کے لیٹر پر کہیں بھی کنٹریکٹ کا ذکر نہیں۔ انگلش ٹیچرز نے پنجاب سروس ٹربیونل سے رجوع کیا۔پنجاب سروس ٹربیونل نے ناصرف انگلش ٹیچرز کو پروموشن بطورایس ایس ٹی کے لیے اہل قراردیا بلکہ انہیں 1974 کے سروس رولز کے تحت تاریخ تقرری سے مستقل ملازم قراردیا۔ محکمہ تعلیم پنجاب نے سروس ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا تو عدالت عظمیٰ نے ٹربیونل کے فیصلے کو ہی بحال رکھا۔
محکمہ تعلیم پنجاب نے سال 2002 تک انگلش ٹیچرز کا الگ سروس سٹرکچر ہی نہیں بنایا تھا، جب کہ 2001 میں عدالت عالیہ ملتان بنچ میں انگلش ٹیچرز کے سروس رولز بنائے جانے کے لیے ایک پٹیشن دائر کی گئی تھی جس پر عدالت عالیہ ملتان بنچ نے 2004 میں صوبائی سیکریٹری تعلیم سکولز کو ہدایت کی کہ30مئی 2004 تک انگلش ٹیچرز کے سروس رولز نوٹیفائی کیے جائیں۔محکمہ تعلیم سکولز نے 26مئی 2004کو سیکریٹری رولز کوعدالت عالیہ ملتان بنچ کے حکم کے تحت انگلش ٹیچرز کے سروس رولز بنانے کی ہدایت کی۔چیف سیکریٹری پنجاب نے سروس رولز کمیٹی بنائی اور 31مئی 2004 کو میٹنگ ایجنڈا جاری کیا۔15جون کو 11 رکنی کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں نمبر1پرانگلش ٹیچرز کے لیے درج ذیل سفارشات منظور ہوئیں۔
REGULARIZATION OF GRADUATE ENGLISH TEA CHERS PUNJAB IN BS-14 WITH FURTHER MOBILITY IN BS-16.
پھر8جولائی کو صوبائی سیکریٹری تعلیم سکولز نے ایس اینڈ جی اے ڈی ریگولیشن ونگ کی 11 رکنی کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی اور 27جولائی کو ان سفارشات اور ڈرافٹ نوٹیفیکیشن بتاریخ 15جون 2004 والی کو نوٹیفائی کیا گیا۔ سال 2005 میں سروس رولز بننے کے بعد پروموشن کا معاملہ نہ رہا کیونکہ جس عدالتی فیصلے میں انگلش ٹیچرز کوپروموشن کے لیے اہل قرار دیا گیا اسی فیصلے میں انگلش ٹیچرز کو 1974 کے سروس رولز کے تحت تاریخ تقرری سے مستقل ملازم قرار دیا گیا۔ سروس کے 9ویں سال 2004 میں بنائے گئے سروس رولز کے مطابق انگلش ٹیچرز کی سروس تاریخ تقرری سے 27جولائی 2004تک سکیل14 اور اگلی تاریخ28جولائی 2004کو یہ سفارشات نوٹیفائی ہوئیں تو اس تاریخ سے لے کر آئندہ کے لیے انگلش ٹیچرز کو سکیل16 میں شمار کیا جانا تھا۔لیکن محکمہ تعلیم سکولز نے لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئےWITH FURTHER MOBILITY IN BS-16 کو مکمل طور پر نظرانداز کردیا۔ چونکہ انگلش ٹیچرز کی Terms & Conditionsہر لحاظ سے سکیل 16کے SST کے برابر تھیں اور ایک الگ گریجویٹ کیڈر کے طور پر بھرتی ہوئے تھے اس لیے ایس ایس ٹی کے سروس رولز کی سیریل7 میں amendmentکرکے انگلش ٹیچرز کے لیے سیریل 7A مقررکی گئی۔واضح رہے کہ سروس رولز کے مطابق ایس ایس ٹی کی سیریل 7اور انگلش ٹیچرز کی سیریل 7A برابر ہیں، ان میں صرف کیڈر کا فرق ہے۔
انگلش ٹیچرز کی انکریمنٹس کا فیصلہ اپیل نمبرز 1545تا 1549بتاریخ 4اکتوبر2010جس میں چیئرمین پنجاب سروس ٹربیونل کے درج بالا اپیلوں میں فیصلے کے مطابق، انگلش ٹیچرز اپنی تاریخ تقرری سے 25اگست 1983کے نوٹیفیکیشن کے پیرا 15کی 3 جو کہ ایس ایس ٹی کا ہے، کے زمرے میں آتے ہیں۔سروس رولز کے مطابق 2007میں انگلش ٹیچرز کو ایس ایس ٹی سکیل16 کی طرز پر پے پیکیج، 50فیصد کو بنیادی سکیل16,35فیصد کو سکیل17 اور 15فیصد کو سکیل18کا حق بنتا تھا، جو نہ دیا گیا۔ 2000 میں یونین کونسل لیول پر ایڈہاک،بغیر سکیل بھرتی ہونے والے میٹرک پاس JSMT ٹیچرز کو 2008 میں جن کی تعلیمی قابلیت ایم اے تھی، کوسکیل 16 ایوارڈ کردیا گیا، مگر انگلش ٹیچرز کو حق نہ مل سکا۔
محکمہ تعلیم پنجاب نے لاپرواہی میں سروس رولز کے برعکس 2008 میں ایس ایس ٹی کا سکیل دینے کی بجائے، سنیئر،ہائر، گریجویٹ کیڈر اور بنیادی سکیل 14 کے انگلش ٹیچرز کا سروس رولز سکیل16 کا Nomenclatureتبدیل کرکے نچلی سطح پر انٹر میڈیٹ بنیادی تعلیم اور سکیل9 کے جونیئرای ایس ٹی کیڈر میں ضم کرکے ای ایس ٹی انگلش بنا دیا گیا۔ اس وقت ای ایس ٹی سکیل9کی لاکھ سے زیادہ آسامیاں تھیں ان میں سے ایک پوسٹ بھی تبدیل نہ کی گئی۔چونکہ سروس رولز کے مطابق انگلش ٹیچر کی پوسٹ سکیل16کی قرار دی جاچکی تھی اس لیے انگلش ٹیچرز کی 4575 خالی سیٹوں کو توایس ایس ای سکیل16 میں بدل دیا گیا، مگر حاضر سروس انگلش ٹیچرز کی سیٹ کو اس حق سے محروم رکھا گیا۔
. محکمہ تعلیم پنجاب نے جولائی2009میں جونیئر سکیل9 کی ای ایس ٹی پوسٹ کو سکیل14میں اپ گریڈ کردیا، جب کہ ای ایس ٹی انگلش ٹیچرز پہلے ہی سکیل 14 میں تھے جن کو سکیل 16 میں اپ گریڈ کرنا چاہیے تھا مگر نہ کیا گیا۔
انگلش ٹیچرز ایسوسی ایشن پنجاب کے مرکزی صدر محمود الحسن چودھری نے وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان، گورنر پنجاب، وزیراعلٰی پنجاب سے اپنے خط کے ذریعے مطالبہ کیا کہ انگلش ٹیچرز کو28جولائی 2004کے منظورشدہ نوٹیفائی سروس رولز کے مطابق سکیل16 عطا کیا جائے۔انگلش ٹیچرز کو 2007 سے انگلش ٹیچرسکیل16سے ایس ایس ٹی سکیل16 اورایس ایس ٹی والا پے پیکیج دیا جائے۔ پالیسی کے مطابق1995 سے ڈسٹرکٹ وائزsanctionedپوسٹوں کا ایک تہائی سلیکشن گریڈ بھی جاری کیا جائے۔ گریجویٹ انگلش ٹیچرز کو پنجاب حکومت کے بنائے گئے سروس رولز کے مطابق سکیل 16 کے ایس ایس ٹی ٹیچرز کے برابر اضافی تعلیم پر ایڈوانس انکریمنٹس کا حالیہ جنرل نوٹیفکیشن کا اجرا بھی ثابت کرتا ہے کہ انگلش ٹیچرز ایس ایس ٹی سکیل کی کیٹیگری میں آتے ہیں، مگر تادم تحریر محکمہ تعلیم پنجاب نے ان کے بنیادی حق، سروس کے آغاز سے سکیل 16 سے محروم کررکھا ہے۔ انصاف کا تقاضا ہے کہ محکمہ تعلیم پنجاب گریجویٹ انگلش ٹیچرز کو سول سرونٹ رولز اور قوانین کے مطابق تمام حقوق فراہم کرے تاکہ اضطرابی کیفیت سے دوچار اساتذہ پوری یک سوئی سے تعلیم وتدریس کے فرائض سرانجام دے سکیں۔