اسپیکر قومی اسمبلی کی اگلے اجلاس تک طارق بشیر چیمہ کی معطلی کی تجویز، ذرائع

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اگلے اجلاس تک طارق بشیر چیمہ کی معطلی کی تجویز دے دی۔
قومی اسمبلی میں طارق بشیر چیمہ اور زرتاج گل کے درمیان تلخی کے بعد سنی اتحاد کونسل کے نمائندوں نے اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات کی اور طارق بشیر چیمہ کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات کے دوران مسلم لیگ ن کے چیف وہپ طارق فضل چوہدری بھی موجود تھے، اسپیکر ایاز صادق اورچیف وہپ مسلم لیگ ن نے واقعے کو افسوس ناک قرار دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سنی اتحاد کونسل نے طارق بشیر چیمہ کی رکنیت بجٹ سیشن تک معطل کرنے کا مطالبہ کیا، اسپیکر قومی اسمبلی نے اگلے اجلاس تک طارق بشیر چیمہ کی معطلی کی تجویز دی۔
سنی اتحاد کونسل نے طارق بشیر چیمہ کی رکینت معطل نہ ہونے پر ایوان میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زرتاج گل اور شاندانہ گلزار نے اسپیکر سے طارق بشیر چیمہ کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کا مطالبہ کردیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی میں طارق بشیر چیمہ کی تقریر کے دوران زرتاج گل بہاولپور کا ذکر کرتی رہیں، وہ طارق بشیر چیمہ کو بہاولپور یونیورسٹی تصویر اسکینڈل کا حوالہ دیتی رہیں۔
طارق بشیر چیمہ اپنی تقریر کے بعد زرتاج گل کی نشست کی طرف بڑھے اور انہوں نے زرتاج گل کو کچھ الفاظ کہے تھے۔
طارق بشیر چیمہ کے زرتاج گل کو کہے الفاظ پر سنی اتحاد کونسل کے ارکان بھڑک اٹھے تھے، سنی اتحاد کونسل کے اراکین طارق بشیر چیمہ کی طرف لپکے۔