یمنی فوج کا امریکی بحری جہاز پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ
امریکی بحری جارحیت کے پہلے جواب کے تحت یمنی فوج نے ایک امریکی جہاز کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کی اطلاع دی ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی السریع کا کہنا ہے کہ یمن کی مسلح افواج نے ایک امریکی بحری جہاز کو جو صیہونی حکومت کی حمایت کر رہا تھا، بڑی تعداد میں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس امریکی جہاز کو یمن کی بحریہ اور فوج کے میزائل اور ڈرون یونٹ کے مشترکہ آپریشن کے دوران نشانہ بنایا گیا اور یہ ہماری بحریہ کے خلاف امریکی دشمن کی حالیہ جارحیت کا پہلا جواب ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی السریع نے اس بات پر زور دیا کہ یمن کی مسلح افواج ملک، قوم اور امت اسلامیہ کے جائز دفاع کے دائرے میں رہتے ہوئے دشمنوں کے تمام خطرات سے صحیح طریقے سے نمٹنے میں کبھی بھی دریغ نہیں کرے گی۔
یحیی السریع نے کہا کہ ہم مقبوضہ فلسطین جانے والے اسرائیلی جہازوں یا بحری جہازوں کی نقل و حرکت کو اس وقت تک روکتے رہیں گے جب تک جارحیت بند نہیں ہو جاتی اور غزہ کی پٹی میں ہمارے بھائیوں کی ناکہ بندی ختم نہیں کر دی جاتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک بار پھر بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب میں مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہوں کے علاوہ تمام مقامات پر جہاز رانی کے جاری رہنے پر زور دیتے ہیں۔
قطر کے الجزیرہ چینل نے بدھ کی صبح یمنی ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی کہ بحیرہ احمر میں ایک جہاز کو حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ سینٹ کام نے کہا کہ یمنیوں نے بحیرہ احمر میں مسلح ڈرون، اینٹی شپ کروز میزائل اور اینٹی شپ بیلسٹک میزائلوں کا استعمال کرتے ہوئے جدید ترین حملے کیے ہیں۔