حکومت کا فری لانسرز سے متعلق اہم فیصلہ
حکومت نے فری لانسرز کی سہولت کے لیے ای روز سینٹرز کے قیام کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نگراں وزیر آئی ٹی عمر سیف کا کہنا ہے کہ فری لانسرز کے لیے 10 ہزار ای روزگار سینٹرز قائم کیے جائیں گے جس کا افتتاح نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں 15 لاکھ فری لانسرز باقاعدہ کام کررہے ہیں ان میں سے بیشتر کو مطلوبہ سہولیات میسر نہیں، تمام سہولتوں سے آراستہ ای روزگار مرکز میں 100 لوگوں کے کام کی گنجائش ہوگی۔
عمر سیف نے کہا کہ ہر مرکز میں 100 ورکنگ اسٹیشن یعنی، 10 لاکھ فری لانسرز کے لیے سہولت ہوگی جس سے یہ فری لانسرز 10 ارب ڈالرز قیمتی زرمبادلہ کماسکیں گے۔
نگراں وزیر آئی ٹی نے کہا کہ حکومت میں وزارت آئی ٹی کے کامیاب ترین 4 ماہ رہے، انفارمیشن، ٹیلی کمیونی کیشن سیکٹر کے فروغ کے لیے 13 انقلابی اقدامات کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ چار ماہ کی مختصر مدت میں ایس آئی ایف سی کی بھرپور معاونت سے اقدامات ہوسکے، بھاری سرمایہ کاری راہیں ہموار ہورہی ہیں۔