
نگراں سندھ حکومت نے انتخابات سے قبل قانون کی خلاف ورزیوں گاڑیوں میں پولیس لائٹس، کالے شیشے کے استعمال اور اسلحے کی کھلی نمائش کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
انتخابات سے قبل قانون کی خلاف ورزیوں، گاڑیوں میں پولیس لائٹس اور کالے شیشوں کا استعمال، اسلحے کی کھلی نمائش پر نگراں وزیر داخلہ سندھ حارث نواز نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کو کارروائی کے لیے خط لکھ دیا ہے۔
نگراں وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ کراچی میں نجی اور غیر مجاز گاڑیاں پولیس لائٹس کا استعمال کر رہی ہیں جب کہ گاڑیوں کے شیشے کالے کر کے پولیس سائرن کا بھی بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ کم عمر افراد بھی ڈرائیونگ کرتے نظر آ رہے ہیں، اس کے علاوہ پرائیویٹ سکیورٹی گارڈز کھلم کھلا اسلحے کی نمائش کر رہے ہیں۔
بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے مزید کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد کا وقت قریب آ رہا ہے ایسے میں قانون کی ان خلاف ورزیوں پر شدید تشویش ہے اور ملک میں ہونے والے حالیہ واقعات بھی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں، اس لیے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بغیر کسی رعایت قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
نگراں وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آپریشز اور ٹریفک پولیس سخت کریک ڈاؤن شروع کریں اور کھ لے عام قانون کی دھجیاں اڑانے والے عناصر کے خلاف آپریشن کیا جائے تاکہ عام انتخابات کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول یقینی بنایا جائے جب کہ کارروائی کی رپورٹ روز کی بنیاد پر محکمہ داخلہ کو پیش کی جائے۔
انہوں نے بغیر لائسنس ڈرائیوروں کو بھی متنبہ کیا کہ وہ ایک ہفتے میں اپنے لائسنسن بنوا تجدید کرا لیں کیونکہ اس کے بعد مزید کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔