پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخاب کیس پر حتمی فیصلے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں انٹراپارٹی الیکشن پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی، پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد پرمشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔
پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی کیس پرحتمی فیصلےسے روک دیا اور کہا پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کیس کا فیصلہ نہ کیاجائے اور درخواست پر فیصلے تک الیکشن کمیشن فائنل آرڈر پاس نہ کرے۔
عدالت نے پی ٹی آئی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا اور سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ کے انٹراپارٹی انتخابات سے متعلق فیصلے پر اظہارتشکر کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بلے کا نشان قوم کی امنگوں کا ترجمان اور کروڑوں ووٹرز کی سیاسی شناخت ہے اور رہے گا، تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات جماعتی آئین اور انتخابی قوانین کے عین مطابق ہیں، انٹراپارٹی الیکشن پر کوئی اعتراض اٹھتا ہے نہ کمیشن کے پاس اس کا کوئی جواز تھا۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے دستوری فرائض کا احساس کرے اور خود کو ان تک محدود کرے،زمینی حقائق ثابت کررہے ہیں الیکشن کمیشن غیرآئینی یلغار کامرکزی سہولت کار ہے،پشاور ہائیکورٹ نےآئین و قانون ،حقائق پرفیصلہ دےکرالیکشن کمیشن کو اصلاح کرنے کا موقع دیا ہے۔