پریانکا چوپڑا بھی ڈیپ فیک ویڈیو کا شکار
بالی ووڈ میں ڈیپ فیک ویڈیوز کے بڑھتے واقعات نے اب پریانکا چوپڑا کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
گزشتہ چند دنوں سے بالی ووڈ اداکارائیں نامناسب جعلی ویڈیوز کے نشانے پر ہیں، پہلے رشمیکا منڈانا اور کترینہ کیف کو نشانہ بنایا گیا پھر کاجول اور عالیہ بھٹ بھی اس سے نہ بچ سکیں، اب تازہ خبروں کے مطابق پریانکا چوپڑا کی جعلی ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے۔
دیگر بھارتی اداکاراوْں کی طرح پریانکا چوپڑا کی ویڈیو بھی مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔
تاہم اس بار سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی جعلی ویڈیو میں ان کے چہرے کی بجائے آواز تبدیل کر کے جعلی برانڈ کی تشہیر کی جا رہی ہے۔
صرف یہی نہیں بلکہ مذکورہ جعلی ویڈیو میں اداکارہ کو اپنی سالانہ کمائی ظاہر کرتے ہوئے بھی دیکھا اور سُنا جا سکتا ہے۔
تاہم ابھی تک اداکارہ کا اپنی ڈیپ فیک ویڈیو سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈیپ فیک ایک ایسی تکنیک ہے جس میں ویڈیوز، تصاویر اور آڈیوز کی جوڑ توڑ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جاتا ہے لیکن اس کے مسلسل غلط استعمال نے کئی سوالات اُٹھا دیے ہیں۔