فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کے اعلیٰ اعزاز سے نواز دیا گیا

سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاک سعودی تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں پر سعودی عرب کا اعلیٰ اعزاز کنگ عبدالعیزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس سے نوازا ہے۔
سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق کنگ عبدالعزیز میڈل کی پانچ اقسام ہیں جن میں ایکسیلنٹ، فرسٹ، سیکنڈ، تھرڈ اور فورتھ کلاس شامل ہیں۔ یہ اعزاز عام طور پر سعودی عرب یا اس کے کسی ادارے کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو دیا جاتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی نے اتوار کی شب بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات اور تعاون کو مضبوط بنانے کی نمایاں کوششوں کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ تقریب ریاض میں سعودی وزیرِ دفاع کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے کے دوران منعقد ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہزادہ خالد بن سلمان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے پر تقرری پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔







