پاکستان

پنجاب کا بڑھتے ہوئے اسموگ کے باعث کل سے تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان

پنجاب حکومت نے صوبے میں بڑھتی ہوئی اسموگ کے باعث پیر سے تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اب کلاسز صبح 8 بج کر45 منٹ پر شروع ہوں گی۔

لاہور گزشتہ 3 روز سے دنیا کا سب سے آلودہ شہر قرار پایا ہے، جہاں فضائی معیار خطرناک حد تک گر گیا ہے اور مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 412 تک پہنچ گیا ہے، اسموگ کی گہری تہہ کے باعث صحت کے حوالے سے انتباہات جاری کیے گئے ہیں جبکہ آلودگی کے ذرائع کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور خانپور سمیت مشرقی اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔

ادارے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشگوئیوں کے مطابق نومبر سے وسط دسمبر تک اسموگ کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اسموگ کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اعلان کیا کہ ’سردیوں کے دوران اسکول کا نیا وقت صبح 8 بجکر 45 منٹ سے دوپہر ایک بجکر 30 منٹ تک ہوگا‘۔

جواب دیں

Back to top button