کھیل

پاکستان کی یو اے ای کو 41 رنز سے شکست، 21 ستمبر کو سپر فور میں دوبارہ بھارت سے مقابلہ ہوگا

ایشیا کپ 2025 کے 10ویں میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 41 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، اگلے مرحلے میں رسائی کے ساتھ ہی قومی ٹیم کا ایک بار پھر 21 ستمبر بروز اتوار روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا ہوگا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں یو اے ای کی ٹیم پاکستان کے 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 105 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، حریف ٹیم کے راہول چوپڑا 35 اور دورو پراشار 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اسپنر ابرار احمد، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں، صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان ٹیم فخر زمان کی شاندار ففٹی اور شاہین شاہ آفریدی کے برق رفتار 29 رنز ناٹ آؤٹ اننگز کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

اوپنر بیٹر فخر زمان نے 36 گیندوں پر 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے 2 چوکے اور 3 چھکے بھی لگائے، شاہین شاہ آفریدی نے ایک بار پھر پاکستانی کی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور مشکل وقت میں 14 گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 29 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

پاکستان کی اننگز کے آغاز کے ساتھ ہی آؤٹ آف فارم صائم ایوب ایک بار پھر صفر پر آؤٹ ہوئے، اوپنر بلے باز کا ایشیا کپ میں یہ مسلسل تیسرا ’صفر‘ ہے، ٹاپ آرڈر بلے باز صاحب زادہ فرحان 5 اور کپتان سلمان علی آغا 20 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔

مڈل آرڈر بلے باز حسن نواز صرف 3 اور خوشدل شاہ اور محمد نواز4،4 رنز ہی بنا سکے، محمد حارث 14 گیندوں پر 18 رنز بنا کر جنید صدیق کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔

یو اے ای کے جنید صدیق نے صرف 18 رنز کے عوض 4 وکٹیں اپنے نام کیں جب کہ سمرنجیت سنگھ 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل، پاکستان اور یو اے کے درمیان ایشیا کپ کا یہ میچ ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے میچ ریفری کو ہٹانے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ مذاکرات کے باعث میچ میں تاخیر ہوئی۔

جواب دیں

Back to top button