عرب اسلامی سربراہی اجلاس: مسلم ممالک کا جارحیت کیلئے اسرائیل کو جواب دہ ٹھہرانے کا مطالبہ

دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں مسلم ممالک نے کہا ہے کہ قطرپر اسرائیلی حملہ خطےمیں امن کی کوششوں کےلیے دھچکا ہے، قطر پر اسرائیل کے بزدلانہ اور غیرقانونی حملےکی مذمت کی جاتی ہے۔
دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ قطر پر اسرائیل کے بزدلانہ اور غیرقانونی حملےکی شدید الفاظ میں مذمت اور قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی اورردعمل کیلئے اس کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ قطر کے خلاف اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت خطے میں امن کے امکانات کو نقصان پہنچاتی ہے، غیرجانبدار ثالث پر حملہ امن کی کوششوں کے لیے خطرہ ہے ، قطر پر مزید حملوں کی اسرائیلی دھمکیوں کو مسترد کیا جاتا ہے۔
مشترکہ اعلامیےمیں کہا گیا کہ فلسطین پر اسرائیلی قبضہ 1967کی سرحدوں کے مطابق ختم ہونا چاہیے۔
اعلامیے میں حملے سے نمٹنے میں قطر کے مہذب اور دانشمندانہ مؤقف کی تعریف اور غزہ میں جارحیت روکنے کیلئے ثالث قطر، مصر اور امریکا کی کوششوں کی حمایت کی گئی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ کسی بھی بہانےاسرائیلی جارحیت کو جوازفراہم کرنے کی کوششوں کویکسر مسترد کرتے ہیں۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق عرب لیگ نے اسرائیلی حملے کے بعد قطرسے مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے عرب ریاستوں نے’ مشترکہ سلامتی وتعاون کا وژن’ منظور کرلیا۔
اعلامیے کے مطابق عرب لیگ نے کہا کہ مسلم ممالک کواجتماعی خطرات کا متحدہوکرمقابلہ کرنا ہوگا، ریاستی خودمختاری کااحترام اوراندرونی معاملات میں عدم مداخلت ضروری ہے۔
قبل ازیں دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں مسلم ممالک کے سربراہان نے کہا کہ اسرائیل نے تمام ریڈلائنزکراس کرلی ہیں، اقوام متحدہ کے چارٹراورعالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانا ہوگا، اور مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے مسئلہ فلسطین حل کرنا ہوگا، صہیونی جارحیت روکنے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔