کھیل

ایشیا کپ: پاک-بھارت ٹاکرا آج ہوگا، دبئی پولیس کا نسل پرستانہ فقروں پر سزاؤں کا انتباہ

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اتوار (14 ستمبر) کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کے مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں سہ ملکی ٹی 20 سیریز جیتنے کے بعد پاکستان ٹیم نے ایشیا کپ کا آغاز 12 ستمبر کو عمان کے خلاف شاندار 93 رنز کی فتح کے ساتھ کیا تھا۔

ایشیا کپ کے ایک روزہ فارمیٹ میں سال 2000 اور 2012 کی فاتح پاکستان ٹیم کی نظریں اس بار ٹی 20 فارمیٹ پر جمی ہوئی ہیں۔

ادھر دبئی میں حکام نے ایشیا کپ کے میچز کے دوران بد زبانی، تشدد اور نسل پرستانہ فقرے بازی روکنے کی تیاری کرلی۔

دبئی پولیس نے کرکٹ فینز کو خبردار کر دیا ہے کہ بدزبانی، تشدد اور نسل پرستانہ جملے کسنے پر کرکٹ فینز کو ایک سے 3 ماہ کی قید اور 23 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائے گا۔

 

دبئی پولیس کے ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل سیف محیر المزروعی کے مطابق تشدد یا بدزبانی کرنے والوں کو 1 سے 3 ماہ قید اور 10 سے 30 ہزار درہم جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، جو پاکستانی کرنسی میں ساڑھے 7 لاکھ سے 23 لاکھ روپے تک بنتا ہے۔

واضح رہے کہ ایشیائی ایونٹ کے اب تک 16 ایڈیشنز کا انعقاد ہو چکا ہے، جن میں سے 2016 اور 2022 کے ایڈیشنز ٹی 20 فارمیٹ میں منعقد ہوئے تھے، متحدہ عرب امارات میں 2022 میں ہونے والے ایڈیشن کے فائنل مقابلے سری لنکا نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دی تھی۔

ایشیا کپ کے لیے 17 رکنی پاکستانی اسکواڈ میں شامل 10 کھلاڑی اس سے پہلے بھی ایشیا کپ میں حصہ لے چکے ہیں، ان میں سے 5 کھلاڑی فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، خوشدل شاہ اور محمد نواز ٹی 20 ایڈیشنز میں بھی گرین شرٹس کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

سہ ملکی سیریز میں 120 رنز اور 10 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے آل راؤنڈر محمد نواز موجودہ اسکواڈ کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے 2016 اور 2022 کے دونوں ٹی 20 ایشیا کپ ایڈیشنز میں حصہ لیا تھا۔

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ 2025 میں 8 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت، عمان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ اور سری لنکا شامل ہیں۔

پاکستان اپنا آخری گروپ میچ 17 ستمبر کو دبئی میں متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گا۔

ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق، ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں سپر 4 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، جہاں تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت مدمقابل آئیں گی، سپر فور کے اختتام پر 2 سرفہرست ٹیمیں 28 ستمبر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

جواب دیں

Back to top button