100 سے زائد بچیوں سے زیادتی کا کیس، طبی معائنے میں 3 بچیوں سے جنسی تشدد کے شواہد ملے

کراچی میں 100 سے زائد کمسن بچیوں سے زیادتی اور ان کی ویڈیوز بنانے کے کیس میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس سرجن کے مطابق 3 بچیوں کے ساتھ جنسی تشدد کے شواہد ملے ہیں۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بتایا کہ ڈیفنس پولیس نے ہفتہ (13 ستمبر) کو قیوم آباد کے علاقے میں مبینہ طور پر ’مشتبہ سیریل ریپسٹ‘ کے ہاتھوں زیادتی کا شکار ہونے والی 4 بچیوں کو میڈیکل معائنے کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کیا۔
ڈاکٹر سمیہ سید نے بتایا کہ ان بچیوں کی عمر 7، 10 اور 12 برس ہے۔
انہوں نے کہا کہ 4 میں سے 3 بچیوں کے ساتھ جنسی تشدد کے شواہد ملے ہیں، پولیس سرجن کے مطابق بچیوں کی میڈیکو لیگل ڈاکیومنٹیشن مکمل کر لی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ڈیفنس پولیس نے11 ستمبر کو قیوم آباد کے رہائشیوں کی مدد سے پھل فروش ملزم کو گرفتار کیا تھا، دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا تھا کہ وہ بچوں کو پیسے دیکر اپنے کمرے میں لاتا تھا اور انہیں ریپ کرتے ہوئے ویڈیوز بھی بناتا تھا۔