مرد دوسری عورتوں کو دیکھ کر رشک کرتے ہیں

ابھرتی ہوئی اداکارہ عمارہ چوہدری نے شکوہ کیا ہے کہ شادی شدہ مرد باہر جاکر دوسری عورتوں کو دیکھ کر ان کے جوتے، کپڑوں اور بالوں کو دیکھ کر رشک کرتے ہیں لیکن وہ اپنی بیویوں کو ایسا نہیں بناتے۔
عمارہ چوہدری نے حال ہی میں بول ٹی وی کے شو میں شرکت کی، جہاں اریج چوہدری اور رحمہ زمان نے بھی ان کے ساتھ شرکت کی۔
پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے عمارہ چوہدری نے شادی شدہ مردوں کے دوغلے پن پر بات کی اور کہا کہ وہ اپنی بیویوں کو پیسے دے کر انہیں طرز زندگی بہتر بنانے کی ترغیب نہیں دیتے۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر شادی شدہ مرد باہر جاکر دوسری خواتین کے لباس، خوبصورتی، بالوں اور دیگر چیزوں پر رشک کرتے ہیں لیکن وہ کچھ رقم دے کر اپنی بیوی کو ایسا نہیں بناتے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر مرد اپنی بیویوں یا عورتوں پر سرمایہ کاری کریں، انہیں اچھا بنائیں تو گھر میں ہونے والے چھوٹے موٹے جھگڑے بھی ختم ہوجائیں گے۔
ان کی بات پر میزبان آمنہ ملک کا کہنا تھا کہ شادی شدہ مرد دوسروں کی بیویوں اور عورتوں کو دیکھ کر بڑے خوش ہوتے ہیں اور ان کے میک اپ پر بھی رشک کرتے ہیں لیکن جب اپنی بیوی سیلون چلی جائے تو ناراض ہوتے ہیں۔
ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ مردوں کو دوغلا پن ختم کرکے اپنی بیویوں کو بھی وقت دینا چاہیے، انہیں معاشی آزادی دیں، بچوں کی دیکھ بھال میں ان کا ہاتھ بٹائیں تاکہ وہ بھی خود کو بہتر کر سکیں۔
اسی بات پر اداکارہ اریج چوہدری کا کہنا تھاکہ بعض مرد اچھے بھی ہوتے ہیں، تمام مرد یکساں نہیں ہوتے۔
انہوں نے مثال دی کہ ان کے بھائی اچھے شوہر ہیں، ان کی بیوی دوپہر تک سوتی رہتی ہیں اور وہ کاروباری شخص ہونے کے باوجود گھر کے تمام کام بھی خوشی خوشی کرتے ہیں۔
اداکارہ رحمہ زمان کا کہنا تھا کہ گھریلو خواتین کو ہر کوئی پرسنل اسسٹنٹ سمجھ رہا ہوتا ہے، وہ ہر کسی کے ذاتی کام بھی کر رہی ہوتی ہیں، اگر تمام افراد اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں اور خواتین کو آزادی دیں تو بھی معاملات بہتر ہو سکتے ہیں۔