ملتان: جلال پور پیر والا میں سیلاب داخل ہونا شروع، شہر کو خالی کرنے کے احکامات

دریائے چناب اور دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث پانی جلال پور پیر والا کی بستیوں میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے۔
ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں سیلاب داخل ہونے کے باعث عوام کو گھر خالی کرنےکی ہدایت کر دی گئی ہے، پولیس کی جانب سے گھر خالی کرنے کے لیے مساجد سے اعلانات بھی کیے جا رہے ہیں۔
سیلابی صورتحال کے باعث شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی جب کہ ریسکیو 1122 کی مزید ٹیمیں بھی جلال پور پیر والا روانہ ہوگئی ہیں۔
متاثرہ بستیوں میں پہلے سے موجود ریسکیو ورکرز نے شہریوں کو نکالنے کے لیے آپریشن بھی شروع کردیاہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز جلال پور پیر والا میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
ملتان کی ضلعی حکومت کے مطابق مقامی افرادکو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے دوارن کشتی پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے الٹ گئی تھی، کشتی میں زیادہ تر خواتین اور بچے سوار تھے اور پانی کی گہرائی 15 سے 20 فٹ تک تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ عملے نے سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا اور 4 لاشیں نکال لی گئیں، جبکہ باقی افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا، جبکہ ایک بچے کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر آپریشن جا ری ہے۔