پاکستان

نبی کریم ﷺ کی ولادت کے 1500 سال مکمل ہونے پر جشن، فضائیں درود و سلام سے معطر

وجہ تخلیق کائنات، رحمت اللعالمین، خاتم النبیین، نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی ولادت با سعادت کے کا جشن پاکستان بھر میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

عید میلاد النبی ﷺ کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد مساجد اور گھروں میں ملکی ترقی، سلامتی، خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کےلیے خصوصی دعا ئیں مانگی گئیں۔

عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں گلی گلی چراغاں کیا گیا ، مساجد ، بلند عمارتوں، بازاروں اور چوراہوں پر سبز پرچموں کی بہار ہے، فضائیں درود و سلام کی صداؤں سے معطر ہیں۔

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں متفقہ طور پر منظور کردہ قرارداد کے تحت اس سال حکومت نے 1447ہجری کو نبی کریم حضرت محمد ﷺ کے 1500ویں یوم ولادت کے طور پر منانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔

اس دن کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہونے والی بین الاقوامی سیرت کانفرنس ہوگی، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری کی شرکت متوقع ہے۔

اس کے علاوہ وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام خصوصی محفل نعت آج رات اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔

ملک بھر میں مدارس کے بچوں، اہلسنت کی مختلف تنظیموں کی جانب سے جلوسوں اور ریلیوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، میلاد کی محفلوں میں آقائے دو جہاں سے محبت کا اظہار کیا جارہا ہے۔

جواب دیں

Back to top button