کوئٹہ: شاہوانی اسٹیڈیم پر بی این پی-مینگل کی ریلی میں دھماکا، 13 افراد جاں بحق، 30 زخمی

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شاہوانی اسٹیڈیم کے باہر بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کی ریلی میں دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہو گئے۔
سول ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے ڈان کو بتایا کہ ’دھماکے میں 13 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ زخمی ہونے والے 30 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اس میں کہا گیا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے کوئٹہ سول ہسپتال منتقل کیا گیا اور انہیں ٹراما سینٹر میں داخل کرنے سے قبل ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
دریں اثنا، سول ہسپتال میں بی این پی کے نائب صدر ساجد ترین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں ہمارے 13 کارکن شہید ہوئے، جبکہ متعدد کارکن زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ساجد ترین کا کہنا تھا کہ دھماکا جلسے کے اختتام کے بعد پارکنگ میں ہوا، دھماکے میں سابق ایم پی اے احمد نواز اور مرکزی رہنما موسی بلوچ بھی زخمی ہوئے۔
ساجد ترین نے بتایا کہ ہمیں پہلے سے اس قسم کے ناخوشگوار واقعہ کا خدشہ تھا، جلسے اور سیکیورٹی کے لیے پہلے سے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا تھا۔
قبل ازیں، محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ حکومت نے واقعے کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور اداروں سے تعاون کریں۔