فن اور فنکار

پنجاب میں بدترین سیلاب، گلوکارہ و اداکارہ عارفہ صدیقی کے گھر بھی سیلابی پانی گھس گیا

پنجاب میں جاری تباہ کن سیلابی صورتحال کے نتیجے میں نہ صرف دیہی علاقے بلکہ لاہور کی معروف سوسائٹیز بھی زیرِ آب آگئیں، اسی دوران گلوکارہ و اداکارہ عارفہ صدیقی نے بھی اپنے گھر کی متاثرہ حالت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

رواں سال پاکستان میں آنے والے سیلاب نے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کو بری طرح متاثر کیا ہے، پنجاب کے تینوں دریاؤں میں ابھی بھی بدترین سیلابی صورتحال برقرار ہے، جس کے باعث اب تک 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، جب کہ 33 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

گزشتہ دنوں دریائے راوی میں سیلاب کے باعث پانی دریا کے قریب موجود ہاؤسنگ سوسائٹیز میں داخل ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں کئی گھر متاثر ہوئے۔

سوشل میڈیا پر لاہور کے علاقے چوہنگ میں پارک ویو سوسائٹی میں دریائے راوی کا سیلابی پانی داخل ہوگیا، جس کے باعث سوسائٹی کے کئی گھر زیرِ آب آگئے اور سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

پارک ویو سوسائٹی کے کئی رہائشیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنے گھروں کے زیر آب آنے کی ویڈیوز شیئر کی جارہی ہیں۔

حال ہی میں گلوکارہ و اداکارہ عارفہ صدیقی نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے گھر کی ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے سیلابی پانی اترنے کے بعد اپنے گھر کی حالت صارفین کو دکھائی۔

شیئر کی گئی ویڈیو میں ان کے گھر کی حالت کافی خراب نظر آرہی ہے اور گھر کا سامان بھی سیلابی پانی کی وجہ سے شدید متاثر ہوا ہے۔

ویڈیو میں عارفہ صدیقی اپنے شوہر کے ہمراہ سیلابی پانی اترنے کے بعد اپنے گھر کی صفائی کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

جواب دیں

Back to top button