بین الاقوامی

افغانستان میں تباہ کن زلزلہ، کم ازکم 500 افراد جاں بحق، 1000 سے زائد زخمی

افغانستان میں رات گئے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 500 افراد جاں بحق اور 1000 سے زائد زخمی ہوگئے، کئی گاؤں مٹی تلے دب گئے، صوبہ ننگرہار اور لغمان میں بھی جانی نقصان ہوا۔

افغان نشریاتی ادارے ’خاما پریس‘ کی رپورٹ کے مطابق 31 اگست کی رات کو مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 47 منٹ پر افغانستان کے مشرقی صوبوں کنڑ اور ننگرہار میں 6.0 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا، جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ زلزلے کی کم گہرائی کے باعث سطح پر نقصان اور بھی شدید ہوا۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6 اور مرکز جلال آباد شہر میں 8 کلو میٹر زیر زمین تھا، زلزلے کے بعد 4.5، 5.2، 5.2، 4.7 اور 4.3 شدت کے 5 مزید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

طالبان انتظامیہ کے مقامی حکام کے مطابق صرف کنڑ میں 500 سے زائد افراد جاں بحق اور ایک ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے، جہاں سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع نورگل، سواکئی، واٹاپور، منوگی اور چپہ درہ ہیں، ننگرہار میں بھی کم از کم 9 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔

زلزلے نے مٹی اور پتھروں سے بنے دیہات کو زمین بوس کر دیا، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اہم راستے بند ہو گئے جبکہ مواصلاتی نظام کی خرابی نے امدادی کارروائیوں کو مزید مشکل بنا دیا۔

طلوع نیوز کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں ضلع نورگل کے کئی گاؤں مٹی تلے دب گئے ہیں اور خدشہ ہے کہ سیکڑوں مزید لوگ اب بھی پھنسے ہوئے ہیں، متاثرہ علاقوں کے رہائشی عوام سے اپیل کر رہے ہیں کہ زخمیوں اور جاں بحق افراد کو نکالنے میں ان کی مدد کی جائے۔

وزارتِ دفاع، وزارتِ داخلہ اور وزارتِ صحت کی ریسکیو ٹیمیں علاقے میں پہنچ چکی ہیں جبکہ زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ننگرہار ریجنل ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

ترک نشریاتی ادارے انادولو کے مطابق افغانستان کی وزارت اطلاعات کے حکام نے بتایا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں 250 افراد جاں بحق اور 500 زخمی ہوئے۔

جواب دیں

Back to top button